ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مزدورئ اطفال کے خاتمہ کیلئے ایک مخصوص سافٹ ویر اور موبائل ایپ کی تیاری: لاڈ

مزدورئ اطفال کے خاتمہ کیلئے ایک مخصوص سافٹ ویر اور موبائل ایپ کی تیاری: لاڈ

Tue, 13 Jun 2017 12:19:24    S.O. News Service

بنگلورو،12؍جون(ایس او نیوز)ریاست میں مزدورئ اطفال پر روک لگانے ریاستی حکومت کی طرف سے ایک مخصوص سافٹ ویر اور موبائل اپلیکیشن تیار کیا جارہاہے، یہ بات آج وزیر محنت سنتوش لاڈ نے کہی۔ ریاستی اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران شیولنگے گوڈا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس نئے سافٹ ویر کے تحت جہاں بھیمزدورئ  اطفال لی جارہی ہے اس کے تعلق سے تفصیلات اگر درج کردی جائیں تو محکمہ اس سے کافی تیزی سے نمٹے گا۔ انہوں نے کہاکہ 2016-17 کے دوران مزدورئ  اطفال کے 44معاملات سامنے آئے ہیں اور بارہ معاملات میں ملزمین کو سزا ہوئی ہے۔ ریاست میں مزدورئ  اطفال کا رواج اب بھی برقرار ہے اس حقیقت سے حکومت کو انکار نہیں۔ وزیر اعلیٰ سدرامیانے اعلان کیا ہے کہ کرناٹک کو مزدوری اطفال سے آزاد ریاست قرار دیا جائے گا۔ محکمۂ محنت اس کو جامۂ حقیقت پہنانے میں مسلسل جدوجہد کررہا ہے، لیکن ضروری ہے کہ اس کیلئے عوام سے بھی پورا تعاون ملے۔ محکمہ کے افسران بھی تھوڑی سی رقم کیلئے مزدورئ  اطفال پر اپنی آنکھیں بند کرلیتے تھے، اب ایسا ہونے نہیں دیاجائے گا۔ بی جے پی کے لکشمن ساؤدی نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران بھی بچوں کے استعمال پر پابندی لگاتے ہوئے قانون وضع کیا جائے۔ انتخابی امیدواروں پر یہ لازم قرار دیا جائے کہ وہ اپنے حلف نامہ میں اقرار کریں کہ انتخابی مہم میں بچوں کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام میں اگر بچوں سے مزدوری نہ لینے کے متعلق اگر بیداری آجائے تو کسی میں یہ جرأت نہیں ہے کہ انتخابی مہم کیلئے بچوں کا استعمال کرے۔ اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے جنتادل (ایس) کے شیولنگے گوڈا نے کہاکہ مزدورئ  اطفال کے خاتمہ کیلئے محض 4.8 کروڑ روپیوں کا بجٹ مہیا کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزدوری کیلئے مجبور بچوں کے خاندان کی معاشی صورتحال پر بھی نظر رکھی جائے اور انہیں مناسب امداد یقینی بنائی جائے۔


Share: